جمعہ 20 نومبر 2026 - 18:01
امریکی دباؤ کے سامنے عراق کی خودمختاری اور امتِ مسلمہ کے مفادات پر سمجھوتہ ناقابلِ قبول ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

حوزہ/ امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰؑ جیکب آباد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران مرجعِ عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اسے عالمِ اسلام اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے عظیم علمی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے عراق کی موجودہ سیاسی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے امریکی دباؤ کے مقابلے میں قومی خودمختاری، اسلامی تشخص اور امتِ مسلمہ کے مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ (ع) جیکب آباد میں نماز جمعہ کے خطبوں میں عالم اسلام کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور عالم اسلام، بالخصوص حوزہ ہائے علمیہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

آیت الله وحید خراسانیؒ کی رحلت عالم اسلام کا عظیم سانحہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت عالم اسلام کے لیے ایک عظیم سانحہ اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ آپ علم و فقاہت، تقویٰ، بصیرت اور دینی استقامت کا روشن مینار تھے۔ حوزہ علمیہ قم المقدس کے اہم ترین علمی ستونوں میں آپ کا شمار ہوتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے درسِ خارج میں بڑی تعداد میں ممتاز علماء، فضلاء اور تشنگانِ علم شریک ہوتے تھے۔ آپ کی علمی و تربیتی کاوشوں کے نتیجے میں متعدد شاگرد علمی مدارج طے کرتے ہوئے مقامِ اجتہاد پر فائز ہوئے۔ آپ کی علمی، تدریسی اور تربیتی خدمات تاریخِ تشیع کا روشن باب ہیں اور انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

آیت الله وحید خراسانیؒ کی رحلت عالم اسلام کا عظیم سانحہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے عراق کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراقی وزیراعظم کو امریکی دباؤ کے تحت قومی خودمختاری اور امت مسلمہ کے مفادات سے متصادم فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہیں امریکی مفادات کی خاطر تمام سرخ لکیریں عبور کرنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ عراق کی خودمختاری، عوامی امنگوں اور اسلامی تشخص کا تحفظ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ امریکی دباؤ کے سامنے غیر ضروری پسپائی اور امت مسلمہ کے مفادات سے انحراف انہیں اپنی عوام اور امت مسلمہ میں مزید غیر مقبول بنا دے گا۔ عراق کو آزاد، خودمختار اور باوقار خارجہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha